Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اورنگی ٹاؤن یوسی 21میں قائم سرکاری عمارت نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ

شائع 30 اپريل 2020 03:18pm

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن یوسی 21میں قائم سرکاری عمارت نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ بن گئی۔ یہ عمارت پرویز مشرف دور میں ناظمین کے دفاتر کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔

علاقے کے سیاسی وسماجی رہنماؤں نے آج نیوز کو بتایا کہ یہ عمارت 1988 میں ڈسپنسری کے لیے بنائی گئی تھی تاہم یہاں ڈسپنسری کبھی نہ بن سکی، پرویز مشرف کے دور حکومت میں جب بلدیاتی نظام متعارف ہوا تو اس دور کے ناظمین اور کونسلر کو تزئین و آرائش کے بعد یہ عمارت دے دی گئی۔ دس سال تک یہاں ناظمین کے دفاتر تھے اس کے بعد اس عمارت کا کنٹرول نشے کے عادی افراد نے سنبھال لیا اور تاحال یہ نشئیوں ہی کے کنٹرول میں ہے تھانہ مومن آباد پولیس اس معاملے سے مکمل لاتعلق ہوچکی ہے.

یہاں نشہ کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی کسی نے یہاں نہیں روکا چونکہ اسی علاقے سے منشیات بھی باآسانی مل جاتی ہے لہذا وہ نزدیک ہی رہنا پسند کرتے ہیں.

یوسی 21کے وائس چیئرمین ممتاز تنولی  کا کہنا ہے کہ وہ اس عمارت کی بحالی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں امید ہے جلد اس عمارت کی مرمت کرکے یہاں ڈسپنسری بنادی جائے گی.

اس علاقے کے عوام کا کہنا ہے پولیس لاک ڈاؤن کے دوران تو کسی کو دکان کھولنے نہیں دیتی لیکن نشہ فروخت کرنے والوں اور نشہ کرنے والوں کو روکنےکے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے نشیئوں کی وجہ سے علاقے میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے.